
خیالات پر کنٹرول اور مشق نمبر2
اس مشق کے طریقہ کار میں فرق ہے موم بتی کو چند لمحے جلنے دیجیے۔ یہاں تک کہ اس کا شعلہ متوازی ہو جائے اب کئی بار پلکوں کو جھپکایئے، جلدی جلدی کیونکہ اس کے بعد کچھ دیر تک آپ کو پلک جھپکائے بغیر دیکھنا ہے۔ اب پلک جھپکائے بغیر شمع کی لو کو دیکھنا شروع کیجیے۔ جلتی ہوئی شمع کو توجہ سے دیکھتے رہیے۔ شعلے میں آپ کو رنگ برنگی روشنی نظر آنے لگے گی آپ توجہ کے ساتھ دیکھتے رہیے۔ یہ محسوس کیجیے کہ یہ روشنی آپ کی پیشانی کے اندر جل رہی ہے۔ عین مرکزی حصے جہاں تیسری آنکھ واقع ہے شعلے کو دیکھتے رہیے۔
آپ کوشش کریں گے تو 30 سے 60 سیکنڈ تک بغیر پلک جھپکائے شعلے کو دیکھ سکیں گے۔ دیکھتے رہیے پھر آہستہ سے آنکھ بند کر لیجیے۔
اچانک بند نہ کیجیے بلکہ بہت اطمینان کے ساتھ آہستگی سے اس کے بعد نظروں کو اوپر گھما کر پیشانی کے مرکز میں تیسری آنکھ کے مقام پر ساری توجہ مرکوز رکھیے۔
اگر آپ نے اس مشق کو صحیح طور پر مکمل کیا تو اچانک یہ محسوس ہو گا کہ شمع کی لو آپ کے دماغ میں روشن ہے۔ یہی مشق کی کامیابی کی علامت ہو گی آپ بالکل یہ محسوس کریں گے کہ موم بتی دماغ کے اندر روشن ہے جیسے آپ نے خود اسے وہاں روشن کیا ہے اس کی رنگ برنگ روشنی سے آپ کا دماغ منور محسوس ہونے لگے گا ایسا محسوس ہو گا کہ اندر صرف نور ہی نور بکھرا ہوا ہے فرحت انگیز ٹھنڈی اور رنگین روشنی اور اب آپ اسے تیسری آنکھ سے دیکھ رہے ہیں جس کی پلک بالکل نہیں جھپکتی۔ یعنی تصور میں آپ موم بتی جلتی دیکھ رہے ہیں۔
اب جسم کو بالکل ڈھیلا چھوڑ دیجیے آپ بڑی آسودگی محسوس کرنے لگیں گے۔ آہستہ آہستہ اطمینان کے ساتھ آنکھیں کھولیے، ممکن ہے اس لمحہ میں اچانک آپ کے ذہن میں بہت سے ٹیلی پیتھک یا اشراقی عکس اور تصورات ابھرنے لگیں۔
ان پر غور کیجیے اور ان میں سے جو واضح ہوں اور سمجھ میں آئیں ان پر توجہ مرکوز کر دیجیے۔
ممکن ہے اسی لمحہ آپ ٹیلی پیتھی کی قوت کے زیر اثر کسی سے رابطہ کر لیں یا پھر کسی ایسی چیز کی خیالی تصویر ذہن میں نظر آنے لگے جسے آپ کی آنکھیں نہ دیکھ سکتی ہوں۔
اس مشق کے آغاز سے سانس کی مشق کرنا نہ بھولیں 10 مرتبہ بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق سانس کی مشق کرنے کے بعد یہ مشق سر انجام دیں اس مشق سے سارے جسم اور اعصاب سے جذباتی رد عمل ختم ہو جاتا ہے۔
آپ ارتکاز توجہ اس عزم کے ساتھ کیجیے کہ بھٹکے ہوئے ذہن کو تربیت دے کر اس کی اصلاح کریں۔
مشق کے بعد آنکھوں میں عرق گلاب ڈال کر آرام کیا کریں۔
